بھوپال : مدھیہ پردیش کے کئی اضلاع میں کرن جوہر کی فلم اے دل ہے مشکل کو
کافی مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ جبل پور شہر میں ہندو تنظیم سے
وابستہ کارکنان فلم کی نمائش روکنے کے لئے سنیما ہال کے اندر گھس گئے، جس
کے بعد شو روک دیا گیا ۔ جبکہ گوالیار میں مسٹر ٹاکیز پر جم کر ہنگامہ
کیاگیا۔ جبل پور کے شہر کے سمدڑيا مال میں صبح نو بجے فلم کا شو شروع ہونے کے کچھ
ہی دیر بعد ہندو سیوا پریشد کے کارکنان ملٹی پلیکس میں گھس گئے۔ کارکنان
فلم میں پاکستانی اداکار فواد خان کی مخالفت کر رہے ہیں۔ کارکنوں کے ہنگامہ
کے بعد ناظرین ٹاکیز سے باہر نکل گئے۔ ہنگامہ آرائی کے بعد فلم کا شو
منسوخ کرنے کے ساتھ ملٹی پلیکس کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ ادھر گوالیار میں بھی ہندو تنظیم کے کارکنوں نے فلم کی مخالفت کی ۔ یہاں
مرار میں مسٹر ٹاکیز پر پہنچ کر کارکنوں نے جم کر ہنگامہ آرائی کی ۔ اس کے
بعد مسٹر ٹاکیز اور ڈی ڈی مال میں فن سنیما کے باہر سیکورٹی میں اضافہ
کردیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ اوڑی دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندو تنظیم اور مہاراشٹر
نونرمان سینا (ایم این ایس) نے پاکستانی فنکاروں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا
تھا ۔ ساتھ ہی انہوں نے فلم اے دل ہے مشکل میں پاکستانی اداکار فواد خان کو
بدلنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ بصورت دیگر ان تنظیموں نے فلم کو نہیں چلنے
دینے کی دھمکی دی تھی۔